گورنر سندھ محمدزبیر نے عبدالستار ایدھی انٹر چینج کا افتتاح کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے وفاقی حکومت کے تعاون سے تعمیر ہونے والے گرین لائن منصوبہ کے تحت میٹرک بورڈ آفس ناظم آباد پر تعمیر ہونے والے عبد الستار ایدھی انٹر ایکس کا افتتاح کردیا ہے ۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر ، سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال ، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہ محمد شاہ ڈویژنل صدر منور رضا‘ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے جنرل سیکرٹری محمد اسلم خٹک ایڈووکیٹ علی اکبر گجر ودیگر عہدیداران بھی موجودتھے۔ ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا اقتصادی حب ہے یہاں کی تجارتی ، اقتصادی ، معاشی اور سماجی سرگرمی کا ملکی معیشت پر براہ راست اثر پڑتا ہے ، کراچی کی ترقی ہر ایک کا وژن ہے ، شہر کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے ، اس موقع پر شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کی موجودگی اس بات کی واضح عکاس ہے کہ سب کراچی کو اون کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے بعد ترقیاتی منصوبے شہر کی ضرورت ہیں اس ضمن میں وفاقی حکومت کراچی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سفری ، صحت ، تعلیم اور انفرااسٹرکچر کے مختلف منصوبوں پر بھرپور دلچسپی لے رہی ہے ۔ انٹر چینج سے دو طرفہ ٹریفک کے نظام کو تقویت ملے گی اور دیگر منصوبہ کو بھی اس سے منسلک کرنے میں آسانیاں حاصل ہو سکے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس انٹر چینج کو عظیم سماجی رہنما کے نا م سے منسوب کرنے کا مقصد ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے ۔