ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم کشمیر، گلگت بلتستان اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

اس وقت ملک کے اکثر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم کشمیر، گلگت بلتستان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب آج شام یا رات جنوبی پنجاب، بالائی اور وسطی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں گرد آلو ہوائیں چلیں گی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم مکران ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش لسبیلہ میں گیارہ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی نواب شاہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا،اس کے علاوہ ملتان میں چوالیس،لاہور اور فیصل آباد تینتالیس، کراچی، گلگت اور کوئٹہ چونتیس، مظفرآباد اور اسلام آباد چالیس، پشاور بیالیس جبکہ مری میں اٹھائیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔