اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس دو دن کے وقفے کے بعد آج شام چار بجے ہوگا، اجلاس کا اٹھارہ نکاتی ایجنڈہ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایجنڈے میں سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 55سال کرنے ،سالانہ انکریمنٹ ختم کرنے اور کورونا ٹیسٹوں کی تعداد میں کمی کئے جانے سے پیدا عوامی تشویش پر توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997میں ترمیم بھی آج ایوان میں لائی جائے گی جبکہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل ایکٹ 1948میں ترمیم کا بل بھی ایجنڈے کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی سے منظور کردہ چار بل سینیٹ سے پاس نہ ہونے پر مشترکہ اجلاس میں بھیجنے کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہیں اس کے علاوہ قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت کی نجکاری پالیسی پر بھی بحث کی جائے گی۔
ایجنڈے سے ہٹ کر پوائنٹ آف آرڈرز پر معاونین خصوصی کی دہری شہریت کا معاملہ بھی اٹھائے جانے کا امکان ہے۔