لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے شہباز شریف کی مزاج پرسی کی اور صحت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابط ہوا، جس میں بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی طبیعت دریافت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شہباز شریف کی طبیعت ناسازی کے حوالے سے علم ہوا تھا۔ مزاج پرسی کرتے ہوئے انہوں نے دعا کی کہ صدر مسلم لیگ (ن) جلد صحتیاب ہوں۔
شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے دریافت کرتے ہوئے خیرسگالی کا پیغام بھی دیا۔ دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ سندھ میں مینگروز کی پیداوار دو ہزار آٹھ سے تقریباً دگنی ہوگئی ہے۔ سندھ نے سب سے زیادہ شجرکاری کے تین عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔بلاول بھٹو نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے نام پیغام میں کہا کہ بھارتی بربریت مظلوم کشمیریوں کے عزم کو مزید مضبوط بنائے گی۔