مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی پالیسی ترک کر کے اس مسئلے کو پرامن سیاسی اقدامات کے ذریعے حل کرے۔ میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تنازعہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک حقیقت ہے اور دونوں اسکے فریق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ آگے بڑھنے کیلئے بھارتی جیلوں میں بند حریت رہنمائوں اور نوجوانوں کی رہائی اور کشمیرکے منقسم حصوں کو ملانے والے تمام روایتی راستوں کو دوبارہ کھولنے جیسے اعتماد سازی کے اقدامات کے ذریعے ایک سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ پورے جنوبی ایشیا کے عوام کے وسیع تر مفاد میں دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کرے۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے آج جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آبادمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی۔ فوجیوں نے ضلع کے علاقے ڈورو کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی۔ کشمیری صحافیوں کی تنظیموں نے بھارت کے انگریزی روزنامے' 'ٹائمز آف انڈیا'' کی حالیہ بے بنیاد اور متعصبانہ رپورٹ کے خلاف سرینگر پریس کلب میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کشمیر کے ذرائع ابلاغ اور صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024