سعودی عرب سے پاکستان کو ادھار تیل کی فراہمی شروع ہوگئی، عرب لائٹ کروڈ آئل کی پہلی کھیپ لے کر سعودی جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے معاشی پیکج کے اعلان پر عمل درآمد شروع ہوگیا، اس سلسلے میں پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے ادھار تیل کی فراہمی کا آغاز ہوگیا ہے۔
کراچی کی بندر گاہ پر سعودی بھری جہاز عرب لائٹ کروڈ آئل کی پہلی کھیپ لے کر پہنچ گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق سعودی عرب پاکستان کو3ارب20کروڑمالیت کا تیل ادھارفراہم کرے گا۔
سعودی عرب کی جانب سے رواں ماہ یکم جولائی کو اعلان کیا گیا تھا کہ نئے مالی سال سے پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ماہانہ تیل کی فراہمی شروع ہو جائے گی جو تین برس تک جاری رہے گی اور اس دوران پاکستان کو مجموعی طور پر تقریباً 10 ارب ڈالر مالیت کا خام تیل دیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے مشکل معاشی حالات میں موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی سے پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے توازن میں مدد ملے گی اور ملکی زر مبادلہ میں استحکام آئے گا جس سے معیشت کو سہارا ملے گا اور عوام ان ثمرات سے مستفید ہوں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ برس اکتوبر میں سعودی عرب کے دورے کے دوران پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی کا ابتدائی معاہدہ طے پایا تھا مزید برآں دونوں ممالک کے درمیان 20 ارب ڈالر کے معاہدے طے پائے تھے۔