گلشن معمار میں ڈاکوئوں کا قربانی کے جانوروں کے فارم پر دھاوا
کراچی (نوائے وقت نیوز)گلشن معمار میں ڈاکوئوں نے کیٹل فارم پر دھاوا بول کر عملے کو تشدد کا نشانہ بنا کر یرغمال بنا لیا، ڈاکوئوں کا گروہ لاکھوں روپے مالیت کے 15 قربانی کے جانور دو ٹرکوں میں لاد کر فرار ہو گئے، ڈاکوئوں نے مزاحمت پر ایک شخص کو سر پر ٹی ٹی کے بٹ مار کر زخمی کر دیا جبکہ سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ اور دیگر سے موبائل فون بھی چھین لیے۔ گلشن معمار کے علاقے میں واقع کیٹل فارم میں ایک درجن سے زائد ڈاکوئوں نے دھاوا بول کر سیکورٹی گارڈ سمیت دیگر ملازمین کو یرغمال بنا لیا، اس دوران ڈاکوئوں نے عملے کو تشدد کا نشانہ بنا کر رسیوں سے باندھ دیا اور کیٹل فارم میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے 15 قربانی کے جانور جن میں گائے اور بیل شامل تھے اپنے ہمراہ لائے ہوئے 2 ٹرکوں میں بھر کر موقع سے فرار ہو گئے۔