آئندہ الیکشن میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے: لیاقت بلوچ
کراچی (نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و سیاسی کمیٹی کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے آئندہ عام انتخابات میں کسی اتحاد کا حصہ نہ بننے کا اشارہ دیتے ہوئے کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میںجماعت اسلامی ملک کو معاشی بحران میں مبتلا کرنے والوں کو سہارا دینے کے بجائے اپنے نام و پرچم اور انتخابی نشان ترازو پر حصہ لے کر قوم کو متبادل حل دے گی، وہ قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،جس سے صوبائی امیر محمد حسین محنتی ، کراچی کے امیر کنوینئر کمیٹی حافظ نعیم الرحمن نے بھی خطاب کیا جبکہ رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید نے پارلیمانی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔اجلاس میں صوبائی نائب امراء ودیگر ذمہ داران اور سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی بحران میں دھکیلنے والے سابقہ و موجودہ حکمران ہیں جماعت اسلامی نے یکسوئی سے فیصلہ کیا ہے ہم ان کو سہارا دینے کے بجائے اپنے نام و پرچم اور انتخابی نشان ترازو کو لیکر آگے بڑھا جائے، انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئی ایم ایف کی ٹیم چلارہی ہے جس کا اپنا ایک بین الاقوامی ایجنڈا ہے حکمرانوں نے ہماری آزادی وخود مختاری کو دائو پہ لگادیا ہے دوسری جانب مہنگائی کاطوفان ہے جس نے عام آدمی کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا ہے مہنگائی سے غریب ومتوسط اور تنخواہ دار طبقہ براہ راست متاثر ہوا ہے گھروں کا چولہا جلانا بھی مشکل ہو گیا ہے انہوں نے کہاکہ ملک کو مسائل کی دلدل سے جماعت اسلامی ہی نکال سکتی ہے جس کے پاس دیانت دار اور باصلاحیت قیادت موجود ہے ہمیں رابطہ عوام بڑھانے لوگوں کے سلگتے ہوئے مسائل پر بھرپور آواز اٹھانے اور ان کے دکھ ودرد میں شریک ہونے کی ضرورت ہے امراء اضلاع دی گئے خطوط پہ منصوبہ بندی کرکے دکھی عوام کی آواز بنیں۔