چین کا علمی اثاثوں کے تحفظ کیلئے موثر قدامات کا فیصلہ
بیجنگ(صباح نیوز)چین نے علمی اثاثوں کے تحفظ کیلئے مو ثر قدامات کا فیصلہ کر لیا جس میں پہلے قانون کے مطابق علمی اثاثوںکی حفاظت کی جائے گی ، اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ پالیسیوں کا نفاذ بھی کیا جائے گا۔ اس طرح مساوی طور پر مسابقتی ماحول پیدا کیا جائے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق علمی اثاثوں کے تحفظ کا فیصلہ یہاں چین کی ریاستی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ چین پیٹنٹ قانون، کاپی رائٹ قانون اور ٹریڈ مارک قانون میں ترامیم کرے گا۔ علاوہ ازیں حقوق ملکیت دانش کے تحفظ کے لئے چین کے تیس سے زیادہ اداروں پر مشتمل ایک خصوصی ادارہ بنایا گیا ہے جو اپنے مربوط نظام کی مدد سے حقوق ملکیت دانش کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے گا۔اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق علمی اثاثوں کے تحفظ کے شعبے میں کارگردگی کو بہتر بنانے کی بھر پور کوشش کی جائے گی اور دوسرے ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔