محکمہ صحت پنجاب نے ہیپاٹائٹس کی آگاہی کیلئے مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا
لاہور (صباح نیوز)محکمہ صحت پنجاب نے ہیپاٹائٹس کی آگاہی کے حوالے سے صوبے بھر میں مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ مہم کے دوران بیوٹی سیلون اور حجام کی دکانوں کی خصوصی طور پر رجسٹریشن کی جائے گی اور انہیں حفطان صحت کے اصولوں کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ محکمہ صحت پنجاب نے ہیپاٹائٹس کی آگاہی کے حوالے سے صوبے بھر میں مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سمیت ملک بھر میں دس فیصد شہری ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہیں اسی لئے 28 جولائی کو ہیپاٹائٹس کے عالمی دن سے پہلے پنجاب بھر میں ہیپاٹائٹس آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر محمد ہارون جہانگیر نے کہا کہ غیر معیاری انتقال خون، آلودہ آلات جراحی اور حجامت کے لئے استعمال ہونے والے اوزار ہیپاٹائٹس بی اور سی کے پھیلنے کی وجہ ہیں،، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہیپاٹائٹس جیسے مہلک مرض سے بچا جا سکتا ہے۔ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام پنجاب کے منیجر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ تاحال 55 ہزار سے زائد بیوٹی سیلون اور حجام کی دکانوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔ اس مہم کے دوران نہ صرف مزید رجسٹریشنز کی جائیں گی بلکہ انہیں ٹریننگ بھی دی جائے گی۔