زائد اثاثہ جات کیس ،سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں یکم اگست تک توسیع
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں یکم اگست تک توسیع کر دی ہے۔احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی‘ گذ شتہ روز احد چیمہ کو جیل سے لا کر عدالت کے رو برو پیش کیا گیا‘ عدالت میں مزید ایک گواہ کی شہادت قلمبند کی گئی‘ عدالت نے گواہ کا بیان ریکارڈ کروانے کے بعد کیس کی مزیدسماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی۔نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں بتایا گیا کہ احد چیمہ نے اربوں روپے کی اندرون اور بیرون ملک جائیداد بنائی‘ احد چیمہ نے اپنے خاندان کے افراد کے نام پر اثاثے خریدے‘ ان کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے‘ کیس میں دس گواہ شامل ہیں جن میں سے سات گواہوں نے بیانات ریکارڈ کروا دیئے ہیں۔