ورلڈ بنک کے وفد کی لاہور چیمبر کے صدر سے ملاقات ،"سمارٹ"پروگرام پرتبادلہ خیال
لاہور (کامرس رپورٹر) ورلڈ بینک ٹیم کے چار رکنی وفد نے لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر سے ملاقات کی اور پنجاب میں زراعت و دیہی ترقی کے متعلق ورلڈ بینک کے پروگرام "سمارٹ" کے حوالے سے تفصیلا تبادلہ خیال کیا۔ وفد کی سربراہی ہینز جوہانز نے کی جبکہ ممبران میں سینئر کمیونیکیشن آفیسر مس فلورے مارٹینینٹ، کمیونیکیشن آفیسر مس مہرین سعید اور عرفان رزاق شامل تھے۔ وفد نے صدر لاہور چیمبر کو پروگرام کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پنجاب میں کسانوں کی فصلوں اور مویشیوں کی پیداوار میں اضافہ، بدلتی آب و ہوا سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں بہتری،پنجاب میں زرعی کاروبار کی ترقی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں زراعت کا کردار نہایت اہم ہے کیونکہ زراعت کا ملکی جی ڈی پی میں حصہ 18.5% جبکہ روزگار کی فراہمی میں حصہ 38.5% ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ زرعی ریسرچ انسٹی ٹیوشن کواس کام سے منسلک کرے تاکہ کسانوں کو مناسب قیمت پر ہائبرڈ بیجوں کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔