کھلی کچہری کا مقصدسائلین کی اعلیٰ افسروں تک رسائی کی سہولت فراہم کرنا ہے:اشفاق خان
لاہور (نامہ نگار )ڈی آئی جی آپریشنزلاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد سائلین کومسائل کی دادرسی کیلئے اعلیٰ افسران تک رسائی کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ ہر جمعہ کو کھلی کچہری کے انعقادکے علاوہ بھی روزانہ کی بنیاد پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت سائلین کے مسائل باقاعدگی سے سن کر حل کئے جا رہے ہیں۔ کھلی کچہری کے انعقادسے شہریوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر کیا ۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل سے ڈی آئی جی آپریشنز کو آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات صادر کئے۔ علاوہ ازیں اشفاق خان نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں سزا اور جزاء کا عمل کسی بھی دوسرے محکمے سے زیادہ ہے۔ڈولفن فورس کی اہم ترین ڈیوٹی نظر انداز کرکے ذاتی معاملات طے کرنا ضابطہ اخلاق کی سخت خلاف ورزی ہے۔فرائض سے غفلت برتنے اور غیر ذمہ دارانہ رویہ رکھنے والے افسران و اہلکار ڈولفن سکواڈ کا حصہ رہنے کے قابل نہیں۔انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں ڈولفن سکواڈ سمیت پولیس افسران و اہلکاروں کی اپیلوں کی شنوائی اور ان پر فیصلے دیتے ہوئے کیا۔