بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے 9ماہ کا وقت دیدیا
نئی دلی (آن لائن) بھارتی سپریم کورٹ نے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کورٹ کو تاریخی بابری مسجد کی شہادت کیس کا فیصلہ سنانے کے لیے 9 ماہ کا حتمی وقت دے دیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ میں بابری مسجد شہادت اور رام مندر کے قیام کے تنازعہ پر فیصلہ سنانے کے لیے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کورٹ کو دی گئی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے درخواست کی سماعت ہوئی۔ دو رکنی بنچ کے ججز آر ایف نریمان اور سوریا کانت نے سی بی آئی کورٹ کو بابری مسجد شہادت کیس کا فیصلہ سنانے کے لیے دی گئی مہلت میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 9 ماہ میں کیس کا فیصلہ سنانے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے اتر پردیش کو سی بی آئی کورٹ کو تمام تر سہولیات درکار کرنے اور کیس کا ٹرائل کرنے والے جج کمار یادیو کی مدت ملازمت میں اضافے کا حکم بھی دیا جنہیں رواں برس 30 ستمبر کو ریٹائرڈ ہونا تھا۔