مقابلوں کے انعقاد سے شجرکاری مہم کے اچھے نتائج برآمد ہوسکتے ہیں: میاں اسلم اقبال
لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت و اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ درخت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور آکسیجن کی فراہمی کا بڑاذریعہ ہیں ۔ ہمیں اجتماعتی کاوشوں سے شجر کاری مہم کو کامیاب بنانا ہے اور شجر کاری کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے عوام الناس کو بھر پور آگاہی دینا ہے ۔ تحصیلوں ، اضلاع اور ڈویژن کی سطح پر شجر کاری کے مقابلوں کے انعقاد کے ذریعے شجر کاری مہم سے اچھے نتائچ برآمد کیے جا سکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے یہ بات گزشتہ روز ایون صنعت و تجارت لاہور میں شجر کاری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔صد ر لاہور چیمبر الماس حید ر، کمشنر لاہور ڈیژن آصف بلال لودھی ، ڈی جی پی ایچ اے ،ایون صنعت و تجارت کے عہدیداران کے علاوہ لاہور بنالے فائونڈیشن کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صدر لاہور چیمبر الماس حید ر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور چیمبر نے شجر کاری مہم کے دوران ایک لاکھ پودے لگانے کا پروگرام بنایا ہے اور 25ہزار پودوں کا اہتمام کیا جا چکا ہے ۔کمشنر لاہور ڈیژن نے کہا کہ شجر کاری مہم کے دوران لگانے والے پودوں کی جی او ٹیگنگ اور مکمل نگرانی بھی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے گزشتہ روز پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میںاوبر کمپنی کے انٹر نیشنل افیئرز کے سربراہ میتھیو ڈیولن نے ملاقات کی اوراوبرکمپنی کی پنجاب میں سرمایہ کاری،کمپنی کو درپیش مسائل اور آئندہ کے پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔کمپنی نیشنل افیئرز کے سربراہ نے بتایا کہ اوبرکمپنی اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پنجاب میں بس سروس اورایمبولینس سروس شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاری کے ذریعے 5لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوبر کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔کمپنی کو سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے اوراوبر کمپنی کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ اوبر کمپنی کے نمائندوں کی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اورمحکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام سے ملاقات کا اہتمام کیا جائے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ اوبرکمپنی کے گلوبل بزنس ماڈل اور پاکستان بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جامع پریذینٹیشن تیارکرکے پیش کی جائے۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جہانزیب برانہ بھی اس موقع پرموجود تھے۔