سندھ حکومت نے نرسوں کے مطالبات منظور کرلئے، نوٹیفکیشن جاری
کراچی (نیوز رپورٹر)مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب احتجاجی نرسوں کے پاس پہنچ گئے او ر ان کے مطالبات سے متعلق نوٹیفیکشن نرسز الائنس کے رہنماؤں کے سپرد کیا سیکریٹری محکمہ صحت بھی ان کے ہمراہ تھے، اس موقع پر وہاں موجود میڈیا اور نرسز الائنس کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت نے وعدے کے مطابق نرسوں کے مطالبات پر مبنی نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے سندھ حکومت پہلے روز سے ہی نرسوں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے بعض نام نہاد لوگوں نے حکومت اور نرسز الائنس کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی تھی جس سے ثابت ہوگیا ہے کہ دھرنا پارٹی والے صرف انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں جن لوگوں کی سیاست کا مقصد انتشار پھیلانا ہے وہ یہی کام کریں گے لیکن ہمارے عوام فسادی اور خدمتگاروں سے بخوبی واقف ہیںاگرتحریک انصاف میں اتنی ہی اخلاقی جرات ہے تو ملکی معاشی حالات پر ذرا گورنر ہاؤس کے باہر تو احتجاج کریں پی ٹی آئی کے دوست مہنگائی پر وفاقی حکومت کیخلاف بھی احتجاج کریں بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ میں سازشی عناصر کو وارننگ دیتا ہوں کہ اس طرح کی حرکتیں بند کریں ورنہ ان سے قانونی طریقے سے نمٹیں گے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت وعدوں کی تکمیل اور عوام کے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔علاوہ ازیںاپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی پریس کانفرنس پر مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فردوس شمیم نقوی پیپلزپارٹی کی فکر چھوڑیں اپنی جماعت کی فکر کریں۔دنیا جانتی ہے کہ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی اپنی جماعت میں کئی گروہ ہیں اپوزیشن لیڈر بنتے وقت فردوس شمیم نقوی کو انکی جماعت سے کتنے ووٹ ملے تھے؟ انکے اپنے لوگوں نے انکی شدید مخالفت کی تھی ، بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کی اردو پر تنقید کرنا کھسیانی بلی کے کھمبا نوچنے جیسا ہے۔ انیل مسرت کا بلاول بھٹو سے موازنہ وزیراعظم کی بدحواسی ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ وزیراعظم کے منہ سے صرف چند الفاظ ہی نکلتے ہیں، دیوالیہ، انتقام اور تبدیلی۔ اسکے علاوہ آپ نے اقتدار میں رہ کر کیا کیا ہے ؟ عمران خان صاحب، یہ احتساب نہیں سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔ وزیراعظم اپنی حکومت کی نالائقی کا ملبہ ’’کرپشن‘‘ پر ڈال کر بچنا چاہتے ہیں۔