پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ کیلئے ویوین رچرڈز سے رابطہ کر لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)عظیم ویسٹ انڈین سابق کرکٹر سر ویوین رچرڈز سے پاکستان کی کوچنگ کیلئے رابطہ کر لیا گیا، پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کوچنگ کرنے والے سابق ویسٹ انڈین کپتان کو بیٹنگ یا ہیڈ کوچ کی ذمے دارے سونپی جا سکتی ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عظیم ویسٹ انڈین سابق کرکٹر سرویوین رچرڈ زسے پاکستان کی کوچنگ کیلئے رابطہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کوچنگ کرنے والے سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کو بیٹنگ یا ہیڈ کوچ کی ذمے دارے سونپی جا سکتی ہے۔ ویوین رچرڈز کی کوچنگ میں پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 2 مرتبہ رن اپ رہی ہے، جبکہ ایک مرتبہ چیمپئن بننے میں بھی کامیاب ہوئی ہے۔ ویوین رچرڈز کی پاکستانی کھلاڑیوں کیساتھ ذہنی ہم آہنگی بھی کافی اچھی ہے، اسی باعث پی سی بی نے سابق ویسٹ انڈین عظیم کرکٹر کو پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے عہدے کی پیش کش کی ہے۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے بات چیت چل رہی ہے، اور جلد حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔