عمران خان کوبلاول بھٹو کی انگریزی سے مسئلہ ہے تو کبھی اردو سے، نفیسہ شاہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو کبھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انگریزی سے مسئلہ ہے تو کبھی اردو سے۔ ان کی ذہنی سطح اتنی زیادہ نہیں کہ وہ بلاول بھٹو کی گفتگو کو سمجھ سکیں۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کے میانوالی میں خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں بھی جھوٹ بولا۔ سپریم کورٹ کو بتایا کہ بنی گالہ محل کرکٹ کی کمائی سے بنایا ہے جبکہ الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ بنی گالہ محل تحفے میں ملا ہے۔ سپریم کورٹ میں جھوٹ بولنے پر ہی عمران خان جیل جا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وجودہی اداروں کا مرہون منت ہے اس لئے وہ اداروں میں چھپ کر وار کرتے ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ وقت آنے پر شوکت خانم اور نمل کو ملنے والے چندے کا فرانزک آڈٹ ہوگا کیونکہ عمران خان کی معاشی ترقی ہی چندہ چوری کے گرد گھوم رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی نہیں جس کے زیادہ شیئر خرید کر انیل مسرت ملک کے مالک بن گئے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ٹاک شوز میں گرفتاریوں کی پیشگی اطلاع دے کر کہتے ہیں کہ شفاف احتساب ہو رہا ہے۔