حاضر سروس ملازمین سے کوارٹر خالی نہ کرائے جائیں
مکرمی! آپ کے موقر جریدہ کے توسط سے حکام بالا کی توجہ ایک اہم مسئلہ کی جانب دلانا چاہتا ہوں۔ جناب موجودہ حکومت کی نا عاقبت اندیشانہ پالسیوں کے نتیجہ میں جہاں معاشرہ کے مختلف طبقات مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی، گیس اور پٹرول کے نرخوں میں زبردست اضافہ کے باعث پریشان ہیں وہاں ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ چھوٹے سرکاری ملازمین جو سرکاری کوارٹروں یا گھروں میں سر چھپائے عرصہ سے بیٹھے ہیں، ان کی جگہ فرمائشیوں کو سرکاری رہائش گاہیں دلانے کیلئے پہلے سے آباد ملازمین کو کوارٹر خالی کرانے کے نوٹس دیئے جا رہے ہیں۔ میرے علم میں ایسے بہت سے واقعات ہیں اورمیں خود بھی اس صورتحال کا شکار ہوں۔ حکام بالا نے مجھ سے میرا گھر خالی کرانے کیلئے میرا تبادلہ راجن پور کر دیا ہے جہاں جانا میرے لئے کسی صورت ممکن نہیں۔ میں محکمہ سوشل ویلفیئر میں کئی برسوں سے ملازم ہوں۔ جناب والا! اس جانب خصوصی توجہ دی جائے۔ میری وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر برائے سوشل ویلفیئر، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری و ڈائریکٹر جنرل، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سے ہمدردانہ اپیل ہے کہ میرے تبادلے کے احکامات روکے جائیں اور مجھ سے میرا سرکاری کوارٹر خالی نہ کرایا جائے۔ (عاصم بابر چوہان، مکین کوارٹر نمبر 3، ویلفیئر کمپلیکس، گرین ٹائون لاہور۔)