پشاور میٹرو کرپشن کا میگا منصوبہ بن کر سامنے آیا ہے,عمران خان نے بلیک لسٹ کمپنی کو ٹھیکہ کیوں دیا :شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میٹرو کا فراڈ پشاور ہائی کورٹ نے بے نقاب کر دیا ہے، عمران خان نے بلیک لسٹ کمپنی کو ٹھیکہ کیوں دیا. عمران خان کہتا تھا کہ اس ملک سے کرپشن ختم کر دوں گا، پشاور میٹرو کرپشن کا میگا منصوبہ بن کر سامنے آیا ہے،بہتان خان 300ارب کے قرضے لے کر کھا گیا ہے اور خیبر پختونخواہ کے لیے کچھ نہیں بنایا اور صوبہ بھر کا بیرہ غرق کر دیا، اللہ نے موقع دیا تو کے پی کے کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بنا دوں گا،2013 میں عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ کے پی کے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کو بجلی دوں گا جبکہ برسوں میں منفی8 میگا واٹ بجلی بنائی ہے دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کی قیادت میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں اور سستی بجلی فراہم کی ہے۔وہ مینگورہ،سوات میں ایک بہت بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے. اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے پی کے کے رہنماء امیر مقام و دیگر مقامی قیادت ان کے ہمراہ تھی. میاں محمد شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس محبت کاآپ نے اظہار کیا ہے وہ ہماری فتح کا اعلان ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ 25 جولائی کو نواز شریف کے شاہین شیر پر مہریں لگائیں گے، مجھے آپ نے یہاں امیدوار بنایا ہے اس پر آپ کا شکرگزار ہوں، اگر اللہ نے
موقع دیا تو سوات اور مینگورہ کا پہلا حق ہو گا،سوات،مینگورہ کو تمام سہولیات دینا میری پہلی ترجیح ہو گی،پبلک ٹرانسپورٹ عوام کا بنیادی حق ہے،میں کہتا ہوں کہ کراچی کو لاہور بنا دوں گا، پشاور کو لاہور بنا دوں گا،کیا خان تم کہہ سکتے ہو کہ لاہور کو پشاور بنا دوں گا.انہوں نے مزید کہا کہ میں پختونوں سے دل سے محبت کرتا ہوں، پنجاب میں بیٹھ کر بغیر کسی مفاد کے سوات والوں کے لیے ہسپتال بنوایا تھا، میں پہلے پختون ہوں بعد میں پنجابی ہوں،اللہ نے موقع دیا اور آپ نے ووٹوں کے ذریعے منتخب کیا تو سوات کو پاکستان کا سب سے بڑا تفریحی مقام بنا دوں گا، اس کے علاوہ مالاکنڈ ڈویثرن اور سوات میں ہسپتال اور میڈیکل یونیورسٹی بھی بناؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی اہلیہ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا چھوڑ کر اپنی بیٹی مریم کے ساتھ عوام کے لئے واپس آئے ہیں. انہوں نے کہا کہ آپ نے آج سے قبل کبھی یہ منظر نہیں دیکھا ہو گا کہ باپ کے
سامنے بیٹی اور بیٹی کے سامنے باپ کو گرفتار کیا گیا ہو.ان کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے جس شخص نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ملک کو ایٹمی قوت بنایا، سی پیک کا تحفہ دیا، موٹر ویز کے جال بچھائے، زراعت، صنعتیں، ہسپتال، سکول اور کالجوں کی صورت حال کو بہتر بنا دیا. اس نواز شریف کو سزا سنا دی گئی، 25جولائی کو انشاء اللہ شیر کی جیت ہو گی اور 26جولائی کا سورج مسلم لیگ (ن) کا ہو گا، ہم پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔