اپنے بڑے بھائی کو جیل سے آزادی دلانے یا کم از کم جیل کی مشکلات کے خاتمے کے لیے مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف پھر متحرک ہوگئے ہیں اور انہوں نے راولپنڈی میں بعض اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی ہیں تاہم وہ ایک اہم ترین ملاقات کے لیے وقت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ با خبر ذرائع نے بتایا کہ دو دن سے راولپنڈی میں ڈیرے ڈالے شہباز شریف نے بعض اہم ملاقاتیں کی ہیں اور ان ملاقاتوں کے دوران انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے بڑے بھائی اور بھتیجی مریم نواز کے لیے رعایتیں مانگی ہیں اور ان رعایتوں کے ملنے کی صورت میں شہباز شریف کسی قسم کی کوئی احتجاجی تحریک نہیں چلائیں گے اسی وجہ سے نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاﺅس منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کی اس بات سے بعض اداروں نے اتفاق کیا ہے کہ نوازشریف کو اڈیالہ جیل میں سیکیو رٹی خطرات لاحق ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہبازشریف اب بھی ان مقتدر اداروں کے ساتھ ہم آہنگی سے چلنا چاہتے ہیں جن سے انہوں نے کبھی نہیں بگاڑی تاہم مقتدر اداروں کی جانب سے ابھی شہبازشریف کو کوئی واضح یقین دہانی نہیں کروائی گئی لیکن اس کے باوجود شہبازشریف پر امید ہیں کہ وہ اپنے بڑے بھائی کے لیے ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024