ٹریفک وارڈنز نے بارش کے دوران احسن طریقے سے فرائض سر انجام دئیے، شہریوں کی بھرپور مدد اور راہنمائی کرتے رہے: آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے بارش کے دوران بہترین ٹریفک انتظامات پر ٹیم مبین شہید کو شاباش دی، ٹریفک وارڈنز نے بارش کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھا اور شہریوں کی بھرپور مدد اور راہنمائی کرتے رہے،ان کا کہنا تھا کہ وارڈنز نے بارش کے دوران جذبہ خدمت کے تحت ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا،ڈویژنل اور سرکل افسران بھی بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بناتے رہے، دوران بارش ٹریفک وارڈنز خراب گاڑیوں کو دھکا لگا کر شہریوں کی مدد کرتے رہے، انہوں نے کہاکہ بارش کے دوران ٹریفک وارڈنز نے احسن طریقے سے فرائض سر انجام دئیے، جس پر ٹیم مبین شہید شاباش کی مستحق ہے،چیف ٹریفک آفیسر کی ہدایت پر تمام ٹریفک افسران سڑکوں پر وارڈنز کے ساتھ مل کر شہریوں کی مدد اور راہنمائی کرتے رہے، قائم مقام چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا تھا کہ ٹیم ورک اور انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت ٹریفک کو رواں دواں رکھا گیا جس سے شہریوں کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوا