پاناما کیس: اسحاق ڈار کی جانب سے اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع , شیخ نہیان مبارک النہیان کے تین خطوط بھی پیش
پاناماکیس میں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سپریم کورٹ میں شیخ نہیان مبارک النہیان کے تین خطوط پیش کر دیے۔ اسحاق ڈار کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی اضافی دستاویزات میں دبئی کے شیخ کے خطوط کے علاوہ نیب اور ایف بی آر سے خط و کتابت بھی شامل ہے۔ اسحاق ڈار نے اپنے ٹیکس گوشوارے بھی عدالت میں جمع کرا دیے ہیں۔ عدالتی آبزرویشنز کا جواب بھی تحریری طور پر جمع کرا دیا گیاہے۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے شیخ نہان مبارک النہان کے خطوط کے مطابق سولہ جولائی دوہزاردو سے پندرہ جون دوہزار تین تک اسحاق ڈار کو پچیس لاکھ پاونڈ ادا کیے گئے۔ سولہ جون دوہزار تین سے پندرہ جون دوہزار چار تک ستائیس لاکھ پچاس ہزار پاونڈ ادا کیے گئے۔ جبکہ سولہ جون دوہزار چار سے پندرہ جون دوہزار پانچ تک انتیس لاکھ پچاس ہزار پاونڈ ادا کیے گئے۔