غیر مناسب ایکسپورٹ پالیسی سے گندم کی قیمت 100روپے نیچے آ گئی، ریاض اللہ خان
لاہور (کامرس رپورٹر ) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب) کے چیئرمین ریاض اللہ خان ، گروپ لیڈر عاصم رضا ، میاں ریاض ، لیاقت علی خان ، سابق چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹواور میاںشہزاد شفیع نے کہا ہے کہ حکومت کی عدم دلچسپی اور غیر مناسب ایکسپورٹ پالیسی کے باعث مارکیٹ میں گندم کی قیمت 100 روپے نیچے آگئی ہے، فاضل گندم کی نکاسی میں حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے مارکیٹ میں شدید مندے کا رجحان پیدا ہو گیا ہے جبکہ زمینداروں کیلئے مونجی اور کاٹن کی فصلوں پرآنے والے اخراجات پورے کرنا بھی دشوار ہو گئے ہیں۔ یہ بات انہوںنے گزشتہ روز اپنے دفتر میں ایک میٹنگ کے بعد اپنے مشترکہ بیان میں کہی ۔پی ایف ایم اے کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کی گندم خریداری ہدف کے بعد بچ جانے والے لاکھوں ٹن گندم کا کوئی خریدار نہیں ،جبکہ کسان مجبوراً اپنی گندم اونے پونے میںفروخت کرنے پر مجبور ہے ،حکومت کی زمینی حقائق سے چشم پوشی کے باعث زمیندار طبقہ شدید بحران سے دوچار ہو گیا ہے۔