حکومت بلدیاتی نمائندوں کو جلد وسائل کی منتقلی کی خواہاں ہے: ڈاکٹر عائشہ غوث
ؒٓلاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی زیر صدارت گزشتہ روز پیپلز ہائوس منسٹربلاک میں صوبائی مالیاتی کمیشن کا پہلا اجلاس ہوا جس میں ممبر ان پنجاب اسمبلی بشریٰ انجم بٹ، ،سردار احمد علی خان،ڈاکٹر سید وسیم اختر،چوہدری اویس قاسم ، اخوت کے منتظم اعلیٰ ڈاکٹر امجد ثاقب ، مئیر لاہور مبشر جاویداور دیگرنے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد عبوری مالیاتی ایوارڈ کاتجزیہ اور نئے ایوارڈ کی تشکیل کے لیے تجاویز کا جائزہ تھا ۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے اجلاس کو بتایا کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے سال 2017میں تشکیل پانے والی بلدیاتی حکومتوں کو بر وقت وسائل کی منتقلی کے لیے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے سیکشن 153(3)کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری سے 2جنوری سے 30جون 2017 تک عبوری مالیاتی ایوارڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ایکٹ کے مطابق اس مدت کے اختتام پر نئے مالی سال میںایوارڈکی تقسیم کے لیے مالیاتی کمیشن تشکیل طے تھی جس پر عملدرآمد ہوچکا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے لیے بلدیاتی نظام کلیدی اہمیت کا حامل ہے اس لیے حکومت پنجاب بلدیاتی نمائندوں کو جلد از جلد وسائل کی منتقلی کی خواہاں ہے۔