ڈسٹرکٹ جیل میں قیدی کی پراسرار ہلاکت، ورثاءکی طرف سے تشدد کاالزام
ملتان( کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں منشیات کا ملزم پر اسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ ورثاءکی جانب سے جیل اہلکاروں پر تشدد کاالزام عائد کیا گیا ہے تاہم جیل انتظامیہ نے تشدد کی تردید کردی۔ واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں منشیات کے مقدمہ میں قید 35سالہ عبدالرحیم گزشتہ روز جیل کے اندر پراسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا جس کی لاش جیل انتظامیہ نے نشتر کے سرد خانے میں منتقل کردی۔ اس بارے قیدی کے ورثاءنے نشتر ہسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہا کہ عبدالرحیم کو مشقت سے انکار کرنے پر جیل اہلکاروں اشرف اوراسلم وغیرہ نے تشدد کا نشانہ بنایا جس وجہ سے اس کی ہلاکت ہوئی ہے۔ قیدی کے ورثاءنے جیل انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاہم اس بارے جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عبدالرحیم پر تشدد نہیں کیا گیا اور اس کا دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی ہے۔