مریم نواز کا بے نظیر شہید سے موازنہ کسی طور درست نہیں، سہیل سیال
کراچی (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے مریم نواز کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے موازنہ کرنے کی کوششکو غیر سنجیدگی قرار دیا ہے ۔سہیل انور خان سیال نے بعض حلقوں کی جانب سے مریم نواز کو بینظیر ثانی کہنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناز و نعم میں پلی بڑھی مریم نواز کا کڑوڑوں غریب عوام کے دلوں پر راج کرنے والی شہید رانی سے موازنہ کرنا کسی طور بھی درست نہیں ۔سہیل انور سیال مزید نے کہا کہ مال و دولت کی مالکہ مریم نواز کو غریبوں اور مظلوموں کی شہزادی سے ملانا ایسا ہی ہے موم بتی کا موازنہ چمکتے سورج سے کیا جائے قائد عوام کی بیٹی نے ملک کی سلامتی اور بقا کی خاطر قید و بند کی صعوبتوں سے لیکر جلا وطنی کا کڑوا گھونٹ بھی پیا مگر اپنے لوگوں اور غریب عوام کے لئے ظالموں سے سمجھوتہ نہیں کیا۔