چین کےساتھ تجارت کے پیش نظر سست ڈرائی پورٹ اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے ‘ برجیس طاہر
اسلام آباد(خبر نگارخصو صی )- وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سی پیک کے تناظر میں چین سے بڑھتی ہوئی تجارت کو مدنظررکھتے ہوئے سُست ڈرائی پورٹ کو اپ گریڈ کرنے اور خنجراب کے مقام پر فسلیٹیشن سنٹر کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس پر پیش رفت جلد ممکن بنائی جائے۔ وہ سُست ڈرائی پورٹ کی اپ گریڈیشن گلگت بلتستان میں ایکسپورٹ اور خنجراب کے مقام پر فسلیٹیشن سنٹر کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں ۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان پیر بخش جمالی کے علاوہ ڈی جی این ایل سی، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان،جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل کے علاوہ گلگت بلتستان کونسل ،حکومت گلگت بلتستان اور این ایل سی کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں حکام نے سُست ڈرائی پورٹ اور خنجراب بائی پاس پر موجودہ سہولیات کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چین سے دو طرفہ تجارت کو مدنظر رکھتے ہوئے میسرسہولیات ناکافی ہیں جن کو اپ گریڈ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈرائی پورٹ کی اپ گریڈیشن اور فسلیٹیشن سنٹر پر جلد پیش کے لیے مختلف سٹیک ہولڈرزکے مابین قریبی رابطے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے ۔انہوںنے وفا قی وزارت ُاُمور کشمیر و گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ ان اہم اُمور پر پیش رفت کے لیے تمام ترقانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد پیش رفت ممکن بنائی جائے تاکہ کارگو ہینڈلنگ کو موثر اور تیز رفتار بنانے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی سے متعلق اُمور کو بھی اچھی طرح ہینڈل کیا جاسکے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان کو دیگر ملک سے ٹریفک کی آمد ورفت کو رواں رکھنے کے لیے بابو سر ٹاپ کو سال کے تمام مہینوں کھلا رکھنے کے لیے این ایچ اے سے رابطے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ عوام اور سیاحوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بابو سر ٹاپ کو سال کے تمام موسموں میں کھلا رکھنے کے جلد اقدامات تجویز کیے جائیں ۔