پی ایس 114 کے انتخاب میں مبینہ دھاندلی پر فیصلہ محفوظ آج سنایا جائے گا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 کراچی کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاجو آج (جمعرات کو) سنایا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنرسردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے پی ایس 114میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔جس میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے فروغ نسیم جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔سماعت کے موقع پر وکیل ایم کیو ایم پاکستان بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ نتائج مرتب کرتے وقت میرے موکل کو ریٹرننگ افسر نے نوٹس جاری نہیں کیا، حلقے کے 92میں سے 21پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹوں کی گنتی پر اعتراض ہے کیونکہ 21پولنگ اسٹیشنوں میں نتائج مرتب کرتے وقت قواعد کی خلاف ورزیاں کی گئیں لہذا ان پولنگ اسٹیشنوں پر انتخاب کالعدم قراردیا جائے اور نادرا سے تصدیق کرائی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ دوران پولنگ شکایت تھی تو الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کرنا چاہیے تھا جس پر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ میرے دل میں آپ کا بہت احترام ہے لہذا مناسب نہیں سمجھا جب کہ پولنگ والے دن جھگڑے اور بدانتظامی کا الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے پورے ملک کو پتہ چل گیا، ہمارے امیدوار الیکشن جیت رہے تھے تاہم مخالف جماعت نے آخری وقت پر بوگس ووٹ پول کیے اور بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر فارم 14نہیں دیئے گئے، سعید غنی کے وکیل اعتزاز احسن نے الیکشن کمیشن میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے روز نہ ہی کسی امیدوار یا ایجنٹ نے بے ضابطگی کی شکایت درج کرائی اور نہ ہی کسی پولنگ افسر یا ریٹرننگ افسر کے سامنے ووٹوں کی گنتی میں بے قاعدگی کی شکایت درج کرائی گئی، انتخابی نتائج فی الفور الیکشن کمیشن کو فراہم کردیئے گئے لہذا جب نتائج الیکشن کمیشن کو چلے گئے تو انتخابی ریکارڈ میں ٹمپرنگ کیسے ہوسکتی ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ سعید غنی نے 3سال پی ایس 114میں کام کیے ہیں جبکہ کامران ٹیسوری فروری 2017میں ایم کیو ایم میں شامل ہوئے جبکہ الطاف حسین کے بعد اب کراچی میں لوگ نکل کر پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں، اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کو کوئی اعتراض ہے بھی تو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرے۔الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پی ایس 114میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج (جمعرات کو) سنایا جائے گا۔
پی ایس 114