وکلاءنوازشریف کو بھولا بھالا بنا کر پیش کررہے ہیں، کاغذ کی کشتی کو نہیں بچاسکتے: سراج الحق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کے وکیل انہیں بھولا بھالا بنا کر پیش کر رہے ہیں،وکلاءکے الفاظ کے ہیرپھیر اور قانونی موشگافیاں اب اس کاغذ کی کشتی کو نہیں بچا سکتے اس کو ڈوبنا ہی ہے،حکمرانوں کے اپنے الفاظ ان کے لئے ہتھکڑیاں بن رہے ہیں۔صدر پاکستان نے کہا تھا کہ پانامہ اللہ کی طرف سے ہے اور اب یہ اللہ کی لاٹھی ان کے سروں پر برس رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر یہ بات ثابت ہو رہی ہے کہ حکمران خاندان کرپشن میں ملوث ہے، وزیراعظم کے وکلاءکے بیانات اور وزیراعظم کے اسمبلی کے خطاب میں تضاد ہے کیونکہ اسمبلی خطاب میں خود وزیراعظم نے کہا تھا کہ یہ ہمارے اثاثہ جات اور یہ ان کے ذرائع ہیں۔ وزیراعظم کے وکلاءاچھے ہیں لیکن ایک کمزور کیس لڑ رہے ہیں اور لندن فلیٹس سے وزیراعظم کی لاتعلقی ظاہر کر کے نوازشریف کو ایک بھولا بھالا انسان پیش کر رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے تو کمال ہی کیا ہے اپنے خزانے کو بھرا اور قوم کے خزانے کو خالی کیا۔ انہوں نے خود ٹیکس جمع نہیں کرایا لیکن قوم کو ٹیکس دینے کی تلقین کرتے رہے۔ ان کے حکومت میں آنے سے ان کے کاروبار جمپنگ کرتے ہیں اور جب حکومت سے باہر جاتے ہیں تو کاروبار کی ترقی رک جاتی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ یہ کیس اسی ہفتے میں مکمل ہو جائے کیس کا فیصلہ دفعہ 62-63 کی روشنی میں ہو گا تو یہ نااہل ہو جائیں گے۔ صرف سیاسی لیڈروں کا نہیں بلکہ پانامہ سکینڈل میں ملوث سیاسی و غیرسیاسی افراد اور ججز سمیت سب کا احتساب ہونا چاہئے۔ کوئی مقدس گائے نہیں۔اسلامی معاشرے میں کوئی بھی احتساب سے بالاترنہیں ، مگر یہاں کسی سے بھی احتساب کا مطالبہ توہین تصور کیا جاتا ہے، احتساب سب کا ہونا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے سرکار خود ریکارڈ میں تبدیلی کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم جے آئی ٹی میں ثبوت پیش کردیتے تو ان کے ترجمانوں کو چیخ چیخ کر بولنا نہ پڑتا، اب عدالتی کارروائی عوام کے سامنے ہے ۔امید ہے عدالت سے ہمیں انصاف ملے گا۔
سراج الحق