کنٹرول لائن: فائرنگ گولہ باری، جوان، 2 شہری شہید، جوابی کاروائی میں 5 بھارتی فوجی ہلاک
راولپنڈی+ اسلام آباد+ نکیال (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر) آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر فائرنگ کی جس سے ایک جوان اور 2 شہری شہید،2 جوانوں سمیت ہلاک 16 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج نھے بھارتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جس میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے اور متعدد چوکیاں تباہ ہو گئیں۔ بھارت نے بلااشتعال فائرنگ نکیال، نیزہ پیر، سبز کوٹ اور کیانی سیکٹر میں کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس راشد نسیم کے مطابق نکیال سیکٹر کے لئے نقصان کے حوالے سے بدھ بدترین دن تھا۔ بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر کی عام آبادی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ دھروتی بالاکوٹ گاﺅں پر ایک گھر پر مارٹر گولوں کی فائرنگ سے 42 سالہ الیاس شہید ہوئے۔ بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں اقبال، کاشف، افضل، محبوب، حسیب، بشیر، عنبرین کوثر، عمیر مغل، افضل اور رقیب شامل ہیں۔ نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل تیسرے روز شدید ترین گولہ باری اور فائرنگ کاسلسلہ جاری رہا۔ گولہ باری سے کئی مکان بھی تباہ ہو گئے۔ پاک فوج نے مو¿ثر جوابی کارروائی سے دشمن کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس سے ان کے کئی بینکرز تباہ ہو گئے ۔ دوسری جانب پاکستان میں متعین بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے اٹھارہ جولائی کو بھارتی فوج کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور دو شہریوں کی شہادت پر سخت احتجاج کیا گیا اور بھارت کے اس اقدام کی مذمت کی گئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق احتجاجی مراسلہ بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے سے کیا جس میں کہا گیا، شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا، نا قابل برداشت اور عالمی قوانین کے منافی ہے۔ ان سے مطالبہ کیا گیا بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو ان کے مینڈیٹ کے مطابق کردار ادا کرنے کی اجازت دے ، بھارتی فوج کو ہدایت کی جائے کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بند کرے اور کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی تحقیقات کرائی جائیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے ایل او سی بھارتی فوج کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے اس فائرنگ کے باعث شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے دشمنوں کے توپوں کو خاموش کرانے کے لیے پاک فوج کے فوری مناسب ردعمل کو سراہا۔
بھارتی فائرنگ