ردالفساد: دہشت گردوں‘ سہولت کاروں‘ مشتبہ افراد سمیت 109 گرفتار‘ اسلحہ برآمد
راولپنڈی+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز نے ڈی جی خان‘ راولپنڈی اور لاہور میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 11سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں جماعت الاحرار کا ایک دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ اسلحہ پنجاب میں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔ سی ٹی ڈی نے پشاور میں ہلاک ہونیوالے 2 دہشت گردوں کے تین افغان سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا۔ کوئٹہ کے علاقہ کلی اسماعیل سے پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ کوہاٹ میں جنگل خیل سے گھر گھر آپریشن کے دوران اشتہاریوں‘ سہولت کاروں اور افغان باشندوں سمیت 84 مشتبہ افراد پکڑے گئے۔ صوابی پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناکر بارودی مواد کی بڑی کھیپ پکڑ لی‘ ملزم گرفتار کرلیا گیا۔