ایوانکا ٹرمپ کی ’’فرسٹ گلوبل روبوٹکس‘‘ چیلنج میں شرکت، پاکستانی طلبہ بھی حصہ لے رہے ہیں
واشنگٹن (نیٹ نیوز) دختر اول ایوانکا ٹرمپ نے واشنگٹن میں جاری فرسٹ گلوبل روبوٹکس چیلنج میں شرکت کی۔ایونٹ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے 157ممالک حصہ لے رہے ہیں۔ امریکی ریاست واشنگٹن میں فرسٹ گلوبل روبوٹکس چیلنج کا آغاز ہوگیا جس میں 157ممالک سے163ٹیمیں اپنے تیارہ کردہ جدید اور منفرد صلاحیتیوں کے حامل روبوٹس کے ساتھ حصہ لے رہی ہیں۔تین روز تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں دختر اول ایوانکا ٹرمپ بھی شرکت کے لئے پہنچیں جہاں انہوں نے نہ صرف روبوٹ بنانے والے طلبا کی صلاحیتوں کو خوب سراہا بلکہ ان کے ساتھ سیلفیز بھی لیں۔اس موقع پر ایوانکا نے افغانستان سے آنے والی ٹیم سے بھی ملاقات کی جنہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارش پر امریکہ آنے کے لئے خصوصی ویزے جاری کئے گئے تھے۔روبوٹ سازی کے اس عالمی مقابلے میں پاکستان سے بھی 6 طلباء پر مشتمل ایک ٹیم اس مقابلے میں حصہ لے رہی ہے۔