اسلام آباد ہائیکورٹ نے حلقہ پی پی 4میں ضمنی الیکشن شیڈول کا اجرا روکدیا
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمشن کو پنجاب اسمبلی کے حلقہ 4 میں ضمنی الیکشن کاشیڈول جاری کرنے سے روکنے کا حکم دیدیا۔ ایم پی اے شوکت عزیز بھٹی کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی ۔ عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو عدالت کو بتایا گیا کہ مذکورہ کیس کی فائل گم ہوگئی ہے جس پر فاضل جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی عملے کی سرزنش کی فاضل جسٹس نے حکم دیا کہ 12بجے تک فائل عدالت کے سامنے پیش نہ کی گئی تو ذمہ دار عدالتی عملے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرا دیا جائے۔ بعدازاں کیس کی فائل تلاش کرکے عدالت میں پیش کردی گئی۔ واضح رہے الیکشن کمشن نے20جون کو مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی کو جعلی ڈگری پر نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی رکنیت معطل کردی تھی۔ آئندہ سماعت 26 جولائی کو ہوگی۔