پاکستان نے چند برسوںمیں جنگلات کا قابل ذکر حصہ کھو دیا ہے،ماہرین
اسلام آباد ( خبر نگار) پاکستان نے گزشتہ چند برسوں کے دوران اپنے جنگلات کا ایک قابل ذکر حصہ کھو دیا ہے۔ اس نقصان کی وجوہات میںدرختوں کی غیر قانونی اور بے دریغ کٹائی، بے ہنگم ترقیاتی منصوبے اور درختوں کا ایندھن کے لیے استعمال وغیرہ شامل ہیں جن کا تدارک انتہائی ضروری ہے۔ جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے پاکستان نے نہ صرف قیمتی قدرتی وسیلہ کھویا ہے بلکہ جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچایا ہے جس کا وجود صحت مندانہ قدرتی ماحول کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جنگلات کی کٹائی سے ہونے والے گیسوں کے اخراج کا سلسلہ روکنے سے متعلق میڈیا کی تربیتی ورکشاپ کے دوران کیا جس میں میڈیا کے اہم قومی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی ) نے ماحولیاتی تبدیلیوں کی وزارت کے ساتھ اشتراک سے کیا تھا۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وزارت سے تعلق رکھنے والے ماہر جنگلات کامران حسین ،قبل ایس ڈی پی آئی کے شفقت منیر نے موضوع کے مختلف پہلووں کا احاطہ کیا۔