سیلز ٹیکس کی مجموعی وصولی کا کام صوبوں کو سونپا جائے: مراد علی شاہ
کراچی (آن لائن) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس کی مجموعی وصولی کا کام صوبوں کے حوالے کیا جائے، صوبے ٹیکس دہندگان کے قریب ہونے سے وفاقی حکومت سے بہتر وصولی کریں گے۔ سندھ حکومت خدمات پر سیلز ٹیکس کی محصولات میں وفاقی حکومت سے بہتر کام کر رہی ہے۔ سندھ خدمات پر ٹیکس وصول کرتا ہے۔ رواں مالی سال حکومت سندھ کو ٹیکسوں کی مد میں 200 بلین کے اہداف کو عبور کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعلی ہائوس میں آئی ایم ایف کے ملکی نمائندے مسٹر توقیر مرزیو (Mr Tokhir Mirzoev ) سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی اور آئی ایم ایف کے حکام بھی موجود تھے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صوبائی محصول ادارہ سندھ ریونیو بورڈنے رواں سال 78 بلین وصول کئے ہیں جبکہ محکمہ ایکسائیز نے 58 بلین جمع کیے ہیں، صرف بورڈ آف روینیو کے اہداف کچھ کم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے اہداف پورے نہیں کر پاتی تو کیش فلو مینجمنٹ میں صوبوں پر اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پراپرٹی ٹیکس کو مزید مستحکم اور فعال بنانے کیلئے ضلعی سطح پر اختیار منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس میں بڑی صلاحیت موجود ہے، اس کی اصلاحات میں بہتر وصولی ہوگی۔