عوام گاڑیوں کے سٹاپ کی بحالی کے منتظر ہیں!
پندرہ یونین کونسلز پر مشتمل بہاولپور صدر کا اکلوتا ریلوے سٹیشن کا اہم جنکشن جو مین لائن پر واقع ہے کو گزشتہ ادوار میں بڑی اہمیت حاصل رہی کہ پشاور اور کراچی کے عین وسط میں موجود ہے بڑی ٹرینیں پانی اور دیکھ بھال کی غرض سے پون گھنٹہ تک سٹاپ کرتی تھیں پانی کی فراہمی مکینیکل اور الیکٹریکل عملہ مکمل تسلی کر کے ٹرین کو روانہ کرتے تھے اس دوران دوطرفہ روانگی میں انجن اور ٹرین کی منزل تک پہنچنے میں دقت کم ہی دیکھنے میں آتی تھی۔ سمہ سٹہ ریلوے کے ہسپتال‘ ریلوے تھانہ اور ریلوے کے بڑے سکولز بڑی اہمیت کے حامل ہےں۔ مختلف ہیڈکوارٹرز سے آنے والے گارڈز اور ڈرائیورز کے قیام و طعام کے لئے بڑی عمارات بھی سہولتوں سے مزین ہیںیہاں گاڑیوں کے سٹاپ کم کرنے کے ساتھ بنیادی سہولتوں سے بھی محروم کر دیا گیا ہے گرمیوں میں نہ ٹھنڈا پانی نہ ہی لیٹرین بلکہ مسافروں کو ٹکٹ لینے کےلئے بھی گرمی سردی میں کھلے آسمان تلے کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ مسافروں کو زبردستی پرائیوٹ روڈ ٹرانسپورٹ کی جانب دھکیلا جا رہا ہے 2015ءمیں ایک شادی کی تقریب میں لاہور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے ملاقات میں سمہ سٹہ کے لوگوں کے ریلوے بارے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیر نے تحریری آگاہی کا کہا اور پھر مئی 2016ءکو بہاولپور پلیٹ فارم کو ماڈل سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر ایک تقریب میں راقم الحروف نے تمام مسائل پر مشتمل تحریری درخواست سابق ایم این اے و موجودہ سینیٹر چودھری سعود مجید اور چودھری خالد محمود ججہ ایم پی اے کی موجودگی میں جو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے منعقد کی گئی تھی دی گئی جس پر تاحال کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔ قرب و جوار کی بہت بڑی آبادی والے علاقے کے لوگ جن میں خانقاہ شریف‘ ہیڈراجکاں‘ یزمان‘ مبارک پور‘ مسافرخانہ‘ سمہ سٹہ تا بہاولنگر اور سمہ سٹہ سے سیالکوٹ براستہ فیصل آباد‘ وزیرآباد ٹرینوں کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں جس سے لوگوں کو محفوظ سفری سہولت کے ساتھ ریلوے کی آمدنی میں بڑا اضافہ یقینی ہے۔ سمہ سٹہ سٹیشن کے قریب ریلوے کوارٹرز کو معمولی مرمت کر کے کرایہ پر دے کر جہاں ریلوے کو مالی مفاد حاصل ہو گا وہاں املاک کی حفاظت اور باقیات ورثہ کے طور پر یاد دلاتی رہیں گی یہاں یہ اعتراف نہ کرنا بھی حقیقت سے روگردانی ہو گی کہ جو محکمہ زوال کی حدیں عبور کر کے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا تھا موجودہ حکومت اور سعد رفیق کی انتھک کاوشوں سے واضح ترقی کی جانب گامزن ہے ۔سمہ سٹہ و گردونواح کے لوگ سمہ سٹہ سٹیشن کی اپ گریڈیشن اور گاڑیوں کے سٹاپ کی بحالی کے منتظر ہیں۔