عمران خان سی پیک کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں‘ راجہ محمد صدیق
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر کے سابق وزیر‘ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے نائب صدر اور قانون ساز اسمبلی کے ممبر راجہ محمد صدیق خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان یہودیوں کے ایجنٹ ہونے کا کردار ادا کرتے ہوئے ہوس اقتدار میں وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کے ذریعے ملکی ترقی اور خوشحالی کی کھلنے والی راہیں روکنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں لیکن قوم ان کی انتشار پھیلانے کی سرگرمیوں کو ناکام بنا دے گی۔ انہوں نے کہاکہ گوادر کی بندرگاہ ہمسایہ ملک کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے۔ جو وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سازشوں کا حصہ بنے ہوئے ہیں لیکن قوم افراتفری اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکا بنا دے گی اور اگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں وزیراعظم نواز شریف کو پہلے سے زیادہ اکثریت کے ساتھ کامیاب بنائے گی۔