پشاور: فاٹا کو فی الفور خیبر پی کے میں ضم کیا جائے، قبائلی طلبہ کا مظاہرہ
پشاور (بیورو رپورٹ) قبائلی علاقوںمیں رائج انگریز دور کے قوانین کے خاتمے اورفاٹا اصلاحات کے حوالہ سے مختلف قبائلی علاقوںسے تعلق رکھنے والے سینکڑوں طلبہ نے گورنر ہائوس پشاورکے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کا اہتمام فاٹاسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے کیا تھا۔ مظاہرین نے کہا کہ حکومت کوچاہئے کہ ہمارے جائزمطالبات کو جلداز جلد مانے اور قبائلی عوام میںبڑھتی ہوئی بے چینی کو ختم کرے۔ مظاہرین نے کہا سپریم کورٹ اورہائی کورٹ کا دائرہ کار قبائلی علاقوںتک بڑھا دیا جائے، خیبر پی کے اسمبلی میں نمائندگی دی جائے اورقبائلی علاقوںکوفی الفور خیبر پی کے میں ضم کیا جائے۔ بلاول آفریدی نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ ان کے مطالبات کوفوری طور پر مانے ورنہ ان کایہ احتجاج جاری رہے گا۔ فاٹا طلباء کے گورنر ہائوس کے سامنے دیئے گئے احتجاجی دھرنے میں اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب عومی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری افتخارحسین نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور صوبائی حکومت کو تنقیدکا نشانہ بنایا جس پر انصاف سٹوڈنٹس نے ان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے انہیں تقریرکرنے سے روک دیا تاہم بعدازاں میاں افتخار حسین نے کہاکہ آپس میں لڑنے سے فاٹا اصلاحات کے عمل کو نقصان پہنچے گا، فاٹا اصلاحاتی عمل میں عوامی نیشنل پارٹی نے بھی خلل ڈالا تو میں اس کے خلاف بھی بولوں گا۔