عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کےلئے حکومت نے کوئی مدد نہیں کی:نسیم اختر
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انڈر 18 سنوکر کا عالمی ٹائٹل جیتنے والے نسیم اختر کا کہنا ہے کہ حکومت دیگر کھیلوں کی طرح سنوکر کو بھی سپورٹ کیا جائے۔ آج جونیئر ورلڈ چیمپئن کہلانے پر بہت خوش ہوں۔ ٹورنامنٹ میں میری شرکت فیڈریشن کی مرہون منت ہے اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ۔ فیملی نے بہت سپورٹ کیا جس کی وجہ سے عالمی چیمپئن بنا ہوں۔ والدین اور بہن بھائیوں کے تعاون کی وجہ سے یہاں تک پہنچا ہوں۔ بڑے بھائی فخر زمان نے بہت سپورٹ کیا اور میرے ساتھ محنت کی ۔ عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے حکومت کی کوئی سپورٹ نہیں تھی فیڈریشن نے اپنی مدد آپ کے تحت بھجوایا۔ ساہیوال میں اچھی سہولیات نہ ہونے کے باعث دوسرے شہروں میں جاکر کھیلنا پڑتا تھا، حکومت سے درخواست ہے کہ کرکٹ کی طرح سنوکر پر بھی توجہ دیں۔ بلاول بھٹو کا تعلیمی اخراجات فراہم کرنے پر شکر گزار ہوں، وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلٰی شہباز شریف سے درخواست ہے کہ وہ سنوکر کی طرف توجہ دیں۔ پاکستان کیلئے بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کا خواہشمند ہوں۔ نسیم اختر کے والد کا کہنا تھا کہ شروع میں اپنے بچے کو کھیلنے سے منع کرتا تھا مگر بعد میں سپورٹ کرنا شروع کر دیا کیونکہ ہر کوئی اس کے کھیل کی تعریف کرتا تھا۔ مجھے فخر ہے کہ بیٹے نے پاکستان کا نا م بین الاقوامی سطح پر روشن کیا۔ میں نے اور میرے بیٹوں نے مل کر نسیم اختر کو باہر بھجوایا۔