ملک میں کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی‘ خواجہ آصف
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ذرائع کیمطابق ملک میں بجلی اورتوانائی کی قلت پر قابو پانے کے منصوبوں کی تکمیل سے جون 2018 ء تک 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔ بجلی اورتوانائی کی قلت پر قابوپانے کیلئے موجودہ حکومت نے قلیل اورطویل المدتی منصوبوں کا آغاز کیا۔ ساہیوال کول پاورپلانٹ کے دونوں یونٹ فعال ہوچکے ہیں جن سے مجموعی طور پر 1320میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 2017-18 ء میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے مزید کئی منصوبے مکمل ہو جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق 2017-18 ء میں مکمل ہونے والے منصوبوں میں بھکی پاور پلانٹ کا منصوبہ شامل ہے جس کا پہلا فیز ستمبر 2017 ء میں مکمل ہوگا جبکہ منصوبہ جنوری 2018ء میں مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا جس سے 1180میگاواٹ‘ بلوکی پاور پلانٹ کی تکمیل سے 1223میگاواٹ‘ پورٹ قاسم پلانٹ منصوبہ کا پہلا یونٹ دسمبر 2017ء جبکہ دوسرا یونٹ جون 2018ء تک مکمل ہوگا ، اس منصوبہ سے 1320 میگاواٹ‘ تربیلا توسیعی منصوبہ 4 جون 2018ء میں مکمل ہوگا جس سے 1410میگاواٹ بجلی اور نیلم جہلم منصوبہ اپریل 2018 ء میں مکمل ہوگا جس سے 969 میگاواٹ بجلی کی پیدوار قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔ دوسری طرف وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ پورے ملک میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، ملک میں بجلی کی پیداوار 17ہزار 719 میگاواٹ اور طلب 21ہزار 883 میگاواٹ ہے۔ بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار 17ہزار 719 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی طلب 21 ہزار 883 میگاواٹ رہی اور ملک میں بجلی کا شارف فال 3383 میگاواٹ ہے۔ خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پورے ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، ملک میں دستیاب بجلی کی پیداوار 18 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔