امریکہ نے پاک فوج کو دھماکہ خیز مواد کی نشاندہی کرنیوالے50 آلات فراہم کر دئیے
اسلام آباد(اے این این ) امریکہ نے پاک فوج کو دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کرنے والے 50 جدید ترین آلات ’’فیڈو ایکس تھری‘‘فراہم کردیئے، یہ آلات پاک فوج کو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کیلئے اس سے قبل مہیا کردہ دیگر آلات کے ساتھ استعمال کیے جائیں گے ۔میڈیارپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے دفتر برائے دفاعی نمائندہ کے سربراہ بریگیڈیئرجنرل کینتھ ایکمن نے یہ 50جدید ترین آلات پاک فوج کے حوالے کئے۔فیڈو ایکس تھری نامی یہ جدید آلات پاک فوج سے دھماکہ خیز مواد کی نشاندہی کرکے قیمتی جانوں کو محفوظ بنانے میں مدد حاصل کی جاسکے۔ کینتھ ایکمن نے دہشت گری کے خاتمے، بالخصوص پاک افغان سرحدی علاقوں میں امریکہ اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی دھماکا خیز مواد کو غلط ہاتھوں سے دور رکھنا سب کے لیے فائدہ مند ہے۔ امریکی حکومت نے پاک فوج کو بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی کے حامل آلات فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بم کو روکنے کا بنیادی راستہ یہ ہے کہ بم بنانے والے شخص یا حملہ آور کو بم نصب کرنے سے قبل ہی پکڑلیا جائے جبکہ یہ آلات عوام کی حفاظت کے لیے پاکستانی فوج کی جانب سے استعمال کیے جانے والے پہلے سے موجود نظام میں مزید بہتری لائیں گے ۔ واضح رہے کہ فیڈو ایکس تھری ایک جدید ترین دستی آلہ ہے جس کی مدد سے 10 سیکنڈز سے بھی کم وقت میں کسی بھی چیز میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔یہ بات قابل ذکرہے کہ فیڈو آلات کی فراہمی امریکی حکومت کی جانب سے پاکستانی فوج کو مہیا کی جانے والی 128 ملین امریکی ڈالر کی اعانت کے پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد غیر قانونی دھماکا خیز مواد کا تدارک ہے۔ دھماکا خیز مواد کے خلاف پاکستان، امریکہ پارٹنر شپ پروگرام میں ان آلات کے علاوہ بکتر بندگاڑیاں، بم ڈسپوزل روبوٹس، تربیت اور دھماکا خیز مواد کے نمونوں کے تفصیلی تجزیئے کے لیے ایک تجربہ گاہ کا قیام بھی شامل ہے۔