افغانستان ، طالبان کے ساتھ جھڑپ 9سیکورٹی اہلکار ہلاک ،9 زخمی
کابل(آئی این پی )افغانستان میں طالبان کے ساتھ جھڑپ اور بارودی سرنگ کے دھماکے میں 9سیکورٹی اہلکار ہلاک اور9دیگر زخمی ہوگئے جبکہ طالبان جنگجو نے فائرنگ کرکے اپنے 2سینئر رہنمائوں کو ہلاک کردیا،ادھر دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے داعش کے 7جنگجو ہلاک ہوگئے ۔بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ زابل کے ضلع ارغنداب میں طالبان کے ساتھ جھڑپ میں8پولیس اہلکار ہلاک اور7دیگر زخمی ہوگئے ۔صوبائی پولیس نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جھڑپ گزشتہ روز اس وقت شروع ہوئی جب طالبان نے پولیس کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا۔جھڑپ بدھ کی صبح تک جاری رہی ،عسکریت پسندوں نے اسلحہ اور ایک پولیس رینجر اپنے قبضے میں لے لی۔علاقے میں افغان نیشنل آرمی کا ایک اہلکار بھی مارا گیا۔