ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، رنگنا ہیراتھ نے ایشون سے دوسری پوزیشن چھین لی
دبئی (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے۔ بیٹنگ میں ہاشم آملہ چھ درجے ترقی پاکر ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔ باﺅلنگ میں رنگنا ہیراتھ نے ایشون سے دوسری پوزیشن چھین لی، اظہر علی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے۔ سٹیون سمتھ بیٹنگ اور روندرا جدیجا باﺅلنگ میں ٹاپ پر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے گزشتہ روز ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے جنوبی افریقن بلے باز ہاشم آملہ چھ درجے ترقی پا کر ساتویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ اظہر علی، ایک درجہ تنزلی کے ساتھ آٹھویں، ڈیوڈ وارنر نویں اور لوکیش راہول دسویں نمبر پر چلے گئے۔ آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ انگلینڈ کے جو روٹ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔ باﺅلنگ میں رنگنا ہیراتھ نے بھارتی سپنر روی چندرن ایشون سے دوسری پوزیشن چھین لی۔ سری لنکن لیفٹ آرم سپنر نے زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ میں 11 شکار کئے تھے۔ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن ایک درجہ ترقی کے ساتھ چوتھے، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا چھٹے اور ورنن فلینڈر نویں نمبر پر آگئے۔ بھارت کے روندرا جدیجا پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔