ہر امتحان میں سرخرو صبر کا دامن نہیں چھوڑیں گے، مصطفی کمال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفٰی کمال نے کہا کہ کارکنان کی شہادت پرالطاف حسین کے گھر کے باہر اتوار برطانیہ میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے مزید واقعات رونما نہ ہوں اور یہ شہر میں آخری ٹارگٹ کلنگ ثابت ہو ساتھ ہی ندیم مولانا اور راشد لال کے قاتلوں کو شہر کا امن خراب کرنے والوں کیلئے نشان عبرت بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پارٹی صدر انیس قائم خانی، سینئر وائس چیئر مین ڈاکٹر صغیر احمد، وائس چیئر مین وسیم آفتاب اور دیگر اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ موت اور زندگی الطاف حسین کے ہاتھ میں نہیں اللہ کے ہاتھ میں ہے یہ شہادتیں ہمارا امتحان ہیں ہمارے حوصلے پہلے سے زیادہ بلند ہیں، ہم ہر امتحان میں سرخرو ہونگے اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے، پی ایس پی کی جانب سے کارکنان کی شہادت پر کوئی ہڑتال نہیں کی گئی نہ دکان بند کروائی گئی نہ ہی ایک پتھر مارا گیا جبکہ کارکنان جذباتی تھے اور بدلہ لینا چاہتے تھے ۔تشدد اور برداشت کو نہیں چھوڑا اور کسی کے ہاتھ میں ہتھیار نہ دیتے ہوئے اس عزم کو دوہرایا کے کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔