دینی و تبلیغی طبقہ بلدیاتی اداروں کی مدد کر ے ‘ وسیم اختر
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ دینی و تبلیغی مکتبہ فکر سے متعلق لوگ کراچی کے حقوق اور اختیارات کے لئے بلدیاتی اداروں کی مدد کریں ‘ ہمارے پاس اپنے وسائل نہیں ‘ شہر میں صفائی ستھرائی کے لئے فیضان مدینہ کے تحت ’’ صفائی نصف ایمان ہے ‘‘ مہم چلائی جائے ‘ عید الاضحی پر شہر میں بہتر انتظامات کے لئے تمام اداروں کے تعاون سے حکمت عملی بنائی جارہی ہے اس حوالے سے فیضان مدینہ کی انتظامیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شام پرانی سبزی منڈی کے قریب دعوت اسلامی
کے مرکز فیضان مدینہ کے دورے کے موقع پر کیا ‘ صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن ‘ ممبر ان صوبائی اسمبلی قمر عباس رضوی ‘ ارشاد ظریف ‘ فیصل رفیق ‘ سابق ٹائون ناظم اظہار احمد خان ‘ سٹی کونسل میں قانونی امور کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈووکیٹ ‘ ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور اور افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے کراچی کے فیضان مدینہ پہنچنے پر نگراں مجلس رابط یوسف سلیم ‘ را بطہ کمیٹی کے ممبران یعقوب عطاری ‘ یحییٰ عطاری نے میئر کراچی اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا ‘ بعد ازاں ایک بریفنگ میں میئر کراچی وسیم اختر کو بتایا گیا کہ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ دنیا بھر میں دعوت اسلامی کا کام انجام دے رہا ہے اور اس ادارے کے تحت کراچی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں شہریوں کو خد مات فراہم کی جاتی ہیں ‘ میئر کراچی نے کہاکہ فیضا ن مدینہ کے اطراف اسٹریٹ لائٹس کی بحالی ‘ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جائیں گے جبکہ فیضان مدینہ میں منعقد ہونے والے ہفتہ وار اجتماعات اور دیگر موقعوں کے لئے ایک فائر ٹینڈر اور ایک ایمبو لینس مستقل طور پر فیضان مدینہ کے حوالے کی جائے گی ۔