اسرائیل نے امدادی بحری جہاز “الکرمہ“ کو غزہ جانے سے روک دیا‘ عالمی برادری نوٹس لے: انسانی حقوق تنظیمیں‘ حماس کا مطالبہ
مقبوضہ بیت المقدس (بی بی سی + نیوز ایجنسیاں) اسرائیلی فوج نے غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والی فرانسیسی بحری جہاز کو روک لیا ہے۔ ڈگنائٹے یا ”الکرمہ“ نامی اس جہاز پر سترہ افراد سوار ہیں جن میں ایک فرانسیسی رکن اسمبلی اور ایک اسرائیلی صحافی بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی کمانڈوز غزہ کی طرف بڑھنے والے جہاز پر سوار ہو گئے اور اسے اب اسرائیلی بندرگاہ اشدود پر لے گئے اور مواصلاتی نظام بھی جام کر دیا۔ اسرائیل نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی امدادی کشتی کو غزہ تک پہنچنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ادھر منتظمین نے صہیونی اقدام کی مذمت کرتے کہا فرانس اسرائیل سے کہے کہ وہ تشدد کا راستہ اختیار نہ کرے اور جہاز کے عملے کی زندگی بچانے کے اقدامات کئے جائیں۔ حماس کے ترجمان طاہر النونوں نے کہا اقوام متحدہ نے اسرائیل کو سزا دی ہوتی تو ایسا نہ ہوتا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے عالمی برادری واقعہ کا نوٹس لے کر الکرمہ کو منزل مقصود پر پہنچنے میں مدد کرے کیونکہ محصورین غزہ بیمار اور بھوک کا شکار ہیں ان کی مدد ضروری ہے۔