انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈنے "ای آفس" سسٹم کا آغاز کر دیا

Jan 20, 2025

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے روایتی مینوئل فائلنگ سسٹم کو ڈیجیٹل گورننس میں تبدیل کرتے ہوئے "ای آفس" سسٹم کا آغاز کر دیا یہ جدید نظام نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے جو سرکاری معلومات کی ترتیب، ذخیرہ، بازیافت اور ترسیل کو آسان اور مؤثر بنائے گا۔ای آفس سسٹم کے افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار سیف انجم نے شرکت کی اور اس نظام کو اپنانے پر دونوں محکموں کی کاوشوں کو سراہا تقریب میں سی ای او ای ڈی بی انجینئر خدا بخش، سی ای او این آئی ٹی بی بابر مجید بھٹی، ایڈیشنل سیکریٹری محمد اسد اسلام ماہنی، ایڈیشنل سیکریٹری آصف سعید خان لغمانی، جوائنٹ سیکریٹری ذوالفقار حسین اور این آئی ٹی بی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر فقیر اللہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ای آفس فائل اور دستاویز مینجمنٹ کا ایک جدید نظام ہے جو حکومتی محکموں میں فائلوں کی نقل و حرکت اور ٹریکنگ کے لیے معیاری طریقہ کار فراہم کرتا ہے ای ڈی بی کے مطابق، یہ نظام نہ صرف ادارے میں پیپر لیس کام کے ماحول کو فروغ دے گا بلکہ معلومات اور دستاویزات کی تیز رفتار، محفوظ اور معیاری ہینڈلنگ کو بھی یقینی بنائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری سیف انجم نے کہا کہ ای آفس کا نفاذ حکومتی اداروں میں شفافیت، فوری فیصلہ سازی اور لاگت میں کمی کے لیے اہم سنگ میل ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ای ڈی بی کا یہ اقدام ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک بڑی پیشرفت ہے جو دیگر محکموں کے لیے بھی ایک مثال بنے گا۔سی ای او ای ڈی بی انجینئر خدا بخش نے بتایا کہ ای آفس کے نفاذ سے فائلوں اور عمل کو تیزی سے نمٹانے میں مدد ملے گی، جس سے کاروباری عمل میں بہتری آئے گی اور کام کا معیار بلند ہوگا۔یہ اقدام ای ڈی بی کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گورننس کو بہتر بنانے اور سرکاری محکموں میں شفافیت اور مؤثریت کو فروغ دینے کی عکاسی کرتا ہے.

مزیدخبریں