میونسپل لائبریری ملازمین کو بھی اپ گریڈ کیاجائے
مکرمی!پبلک لائبریریز ایک منظم ادارہ ہوتا ہے جومعاشرے کے پڑھے لکھے طبقے کی ذہنی پیاس کو بجھانے کا ذریعہ ہے اور کسی بھی ملک کی پبلک لائبریریز ملکی ترقی کی ضامن ہوتی ہیں اور شعبہ لائبریریز میں لائبریرینز کی موجودگی کسی بھی لائبریری کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن بد قسمتی سے میونسپل لائبریریز کا شعبہ ابھی تک اپنے حقیقی مقام اور اہمیت سے محروم نظر آتا ہے کسی بھی حکومت نے اس شعبہ پر اپنی نظر التفات ڈالنے کی کوشش ہی نہیں کی۔2007ء میں کلیریکل سٹاف کی اپ گریڈیشن ہوئی مگر میونسپل لائبریریزسٹاف کو یکسر نظر انداز کردیاگیا۔ سابقہ حکومت پنجاب نے مختلف محکموں کی متعدد آسامیوں کو اپ گریڈ کیا مگر پھر میونسپل لائبریریز سٹاف کو نظر انداز کردیا گیا جو کی سراسر ناانصافی ہے۔ موجودہ حکومت پنجاب نے بذریعہ نوٹیفکیشن نمبرSO-ADMIN-11(LG)9-354/2011(A) مورخہ18-1-2019 اور15-2-2021 کے تحت لوکل گورنمنٹ کو نُومن کلچر پوسٹوں کو اپ گریڈ کیا مگر حسب روایت پھر میونسپل انچارج لائبریریز کو نا انصافی کی بھینٹ چڑھادیاگیا۔ ہم سے موسٹ جونئیر لوگ اور میٹرک پاس 16 ویں،17 ویں سکیل میں اپ گریڈ ہوچکے ہیں۔ حتیٰ کہ میونسپل لائبریریزسٹاف کی کثیر تعداد (MLS)اور(BILS) پاس ہیں مگر ادنیٰ سکیل میں اپنے فرائض منصبی عرصہ دراز سے سر انجام دے رہے ہیں۔ہماری ارباب اقتدار سے استدعا ہے کہ خدارا جیسے دیگر میونسپل ملازمین کی اپ گریڈیشن کی ہے میونسپل لائبریرینز کی اپ گریڈیشن بھی کی جائے۔
(محمد اعجاز حسین، انچارج لائبریری گورنمنٹ بابا فرید میونسپل لائبریری، پاکپتن شریف)