رقوم کی عدم ادائیگی‘ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی نیشنل بنک کے گھیراؤ کی دھمکی
ملتان ( نیوز رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا ہے کہ نیشنل بنک ٹمبر مارکیٹ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ کھاتہ داروں کو کروڑوں روپے کی واپسی نہ ہونے پر 26جنوری کو ریجنل برانچ کچہری اور ٹمبر مارکیٹ برانچ کو تالے لگادیں گے اور گھیرائو کریں گے متاثرین پانچ سالوں سے اپنی جمع پونجی کی واپسی کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیںجس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر ، ملتان کے صدر خالد محمود قریشی، جنرل سیکرٹری ملتان مرزا نعیم بیگ ممبر سپریم کونسل ملتان کامران بھٹہ، کے علاوہ دیگر تاجر رہنمائوںحاجی غفور، ناصر چوہان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا خواجہ سلیمان صدیقی نے مزید کہا کہ نیشنل بنک آف پاکستان ٹمبر مارکیٹ برانچ کے منیجر نے بنک ملازمین کی ملی بھگت سے پانچ سال قبل برانچ کے کھاتہ داروں تاجران، بیوہ گان سے تین کروڑ روپے کا فراڈ کیا ‘ کرپشن و فراڈ کا انکشاف ہونے پر متاثرہ کھاتہ داروں نے نینل بنک کے ذمہ داران و اعلی افسران کو تحریری طور پر آگاہ بھی کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں کی گئی تاہم نیشنل بنک ٹمبر مارکیٹ برانچ انتظامیہ نے تاجر برادری کے احتجاج کے دبائو کے نتیجے میں چند کھاتہ داروں کو برائے نام رقوم واپس لوٹا دیں اور ایف آئی اے کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کی کرپشن اور فراڈ میں ملوث مرکزی ملز م منیجر کی مدعیت میں بنک ملازم قمر زمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جو سراسر ناانصافی و زیادتی ہے صدر مملکت پاکستان نے متاثرہ کھاتہ داروں کے حق میں دو ماہ قبل فیصلہ دے دیا اور انہیں تیس روز کے اندر اندر مکمل رقوم و انٹرسٹ دینے کی ہدایت کی لیکن اس کے باوجود بنک افسران و ذمہ داران اس سلسلے میں کوئی نوٹس نہ لے رہے ہیں انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت، سٹیٹ بنک آف پاکستان ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ کھاتہ داروں کے ساتھ فراڈ میں ملوث بنک افسران و ملازمین کو فی الفور نوکریوں سے برطرف کیاجائے بلکہ ان سے متاثرین کی رقوم بمعہ انٹرسٹ واپس کرائی جائے بصورت دیگر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان 26جنوری کو اپنی احتجاجی تحریک کا آغاز کرتے ہوئے ریجنل برانچ دفاتر اور ٹمبر مارکیٹ برانچز کا گھیرائو کرے گی ۔